جوہری پروگرام پروان چڑھانے والا ہر فرد قوم کا ہیرو: عطاء تارڑ

May 29, 2024

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم تکبیر تاریخ کا سنہری اور یادگار دن ہے، اس روز پاکستان نے اعلان کیا کہ اسے کوئی غلام نہیں بنا سکتا، 28 مئی کے موقع پر 9 مئی والوں نے ایک نئی سازش گھڑی، یہ 1971  کی تاریخ کو مسخ کر کے ملک کی سالمیت پر حملے کرنے پر اتر آئے ہیں۔ منگل کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 26 برس قبل پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا، اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے دنیا پر ثابت کیا کہ ہمیں نہ خریدا جاسکتا ہے، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جوہری پروگرام کو بنانے، پروان چڑھانے اور اس کا عملی اظہار کرنے والا ہر فرد قوم کا ہیرو ہے جسے سلام پیش کرتے ہیں۔ آج کے دن ہم اپنے اس عہد کو دہراتے ہیں کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں