رفح میں ایک حملہ 21شہید : سپین ، ناروے، آئرلینڈ نے فلسطین کوباضابطہ تسلیم کرلیا

غزہ، میڈرڈ، روم (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی+ این این آئی) غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں 21 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ جاپانی وزیر خارجہ نے مذمت کرتے کہا بچوں خواتین کے جانی نقصان پر تشویش ہے یہ وہی علاقہ ہے جسے اسرائیلی فوج کی جانب سے محفوظ  علاقہ قرار دیا گیا تھا۔ اٹلی کے وزیر دفاع گائیڈو کروسیٹو نے کہا غزہ کے رہائشیوں پر اسرائیلی حملوں کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کو جائز قرار دی دیا۔ جان کربی نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے خلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے۔ سپین، ناروے اور آئرلینڈ کی حکومتوں نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر  تسلیم کرنے کی منظوری دے دی۔ تینوں ممالک کی حکومتوں نے گزشتہ روز فلسطین کو باضابطہ طور پر بطور ریاست تسلیم کرنے کی منظوری دی۔ نارویجیئن کابینہ کی جانب  فلسطین کو تسلیم کیے جانے کی باضابطہ منظوری دئیے جانے کے بعد ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا ناروے 30 سال سے فلسطین کے حقوق کا سرگرم محافظ رہا ہے۔ آئرلینڈ کی کابینہ نے بھی آج فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیے جانے کی منظوری دی۔ حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ آئرلینڈ نے آج فلسطین کو بطور ایک خود مختار اور آزاد ریاست تسلیم کر لیا ہے۔ کابینہ نے آئرلینڈ اور فلسطین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور فلسطینی شہر رام اللہ میں سفارت خانہ کھول کر سفیر مقرر کیا جائے گا۔ سپین کی کابینہ نے بھی آج فلسطین کو باضابطہ تسلیم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، امن کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے اور فلسطین کو تسلیم کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔ فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخی لمحہ ہے۔ فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 146 ہو گئی ہے۔ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے حوالے سے قرارداد مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے پاس ایک آزاد ملک کی حیثیت کے لیے درکار شرائط کی کمی ہے اور وہاں کوئی اتھارٹی موجود نہیں ہے۔ خبر رساں پارلیمنٹ نے گزشتہ روز فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بل کو مسترد کر دیا۔برطانیہ نے رفاح کے پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ حملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ بے گھر فلسطینیوں کے خیمہ کیمپوں پر اسرائیلی حملہ بہت تشویشناک ہے۔ وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے مطالبہ کیا تحقیقات فوری طور پر مکمل ہونی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن