لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے اظہار تشکر پر 28 مئی کے سلسلہ میں نوائے وقت گروپ نے بھی یوم تکبیر منایا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی زیر قیادت کیک کاٹا گیا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لئے کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، منیجر ہیومین ریسورسز چودھری شفیق سلطان، ہیڈ آف اکاؤنٹس و فنانس عماد صدیقی، ہیڈ آف بزنس آپریشنز شعیب اسلم، ایڈیٹر ماہنامہ پھول شعیب مرزا، سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو، سینئر بزنس منیجرز عثمان مسعود اور محمد عامر ادریس، انچارج سرکولیشن صغیر امجد، بزنس منیجرز فہمید ولسن جانسن اور ارشد حسن، ندیم منظور، الطاف حسین، حاجی محمد امین، محمود علی، مشتاق احمد، خالد احمد، حاجی محمد امین، حافظ عبد الباسط، محمد عبید اللہ، محمد عباس، محمد نعیم، وسیم چشتی، اعظم خان، محمد اسلم، جارج بش اور دیگر کارکنان نے شرکت کی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قیام پاکستان کی تاریخ اور ایٹمی پاور بننے تک کے مراحل، مشکلات اور قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان قدرت کا تحفہ ہے جس کی بقا کے تمام اقدامات اسے استحکام بخشتے ہیں۔ اس سلسلہ میں یوم تکبیر بھی پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جس دن پاکستان نے اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا اور بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیکر بھارتی حکمرانوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔ پاکستان کے اس وقت کے وزیراعظم میاں نوازشریف نے تمام تر عالمی دبائو، ناپاک عزائم اور ترغیب وتحریص کو پس پشت ڈال کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام سربلند کردیا۔ اس ایٹمی طاقت کے خواب کو حقیقت بنانے میں سابقہ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا کردار اہم ترین ہے جنہوں نے کہا کہ ہم گھاس کھا لیں گے مگر ایٹم بم بنائیں گے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کردار سب سے عظیم اور ناقابل فراموش ہے۔ پاکستانی قوم ہمیشہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ان کی احسان مند رہے گی۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر میاں نوازشریف تک ہر حکمران نے ایٹمی پروگرام کی آبیاری کی اور بالآخر پاکستان اقوام عالم میں ایٹمی قوت کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں نوائے وقت اور مجید نظامی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ مفسر نظریہ پاکستان مجید نظامی کا کردار ایٹمی دھماکوں میں سب سے کلیدی، موثر اور بروقت ہے جنہوں نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگر آپ نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں جوہری دھماکے نہ کئے تو قوم آپ کا دھماکہ کردے گی‘‘۔ مجید نظامی ایک دوراندیش شخصیت تھے، انہیں معلوم تھا کہ ایٹمی دھماکے پاکستان کی بقا کی ضمانت ہیں اور آج ہم یوم تکبیر کو بطور فخر اور سر اونچا کرکے مناتے ہیں۔ کرنل قادری نے کہا کہ معاملہ امیری یا غریبی کا نہیں، عزت سے جینے کا ہے اور آج ہم اقوام عالم میں سرخرو ہیں، یہ ایٹمی دھماکوں کا انعام ہے کہ کوئی طاقت ہم سے لڑائی میں پہل کرنے کی غلطی نہیں کرے گی۔ نوائے وقت ہمیشہ سے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کا نگہبان ہے اور مجید نظامی کی اس وراثت کو ان کی بیٹی رمیزہ مجید نظامی اسی تقدس اور یقین کے ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہیں۔