گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے ، کسان کوڈ ئر یکٹ سبسڈی : مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی  مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ دفاع وطن کا مشن سر انجام دینے والی ٹیم کے ہر فرد اور پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے والے محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتی ہوں۔ نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں، ایسے عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے یوم تکبیر پر  خصوصی پیغام میں قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم ہی نہیں عالم اسلام کیلئے فخر کا دن ہے۔ ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔ پاکستانی قوم آج بھی نوازشریف کے جراتمندانہ فیصلوں کی معترف ہے۔ مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اب اقتصادی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا ہمارا مشن ہے۔ علاوہ ازیں  مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی نے روٹی اور دیگر اشیاء  خوردونوش کے نرخ میں کمی پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے، اب کسان کوڈائریکٹ سبسڈی دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ارکا ن اسمبلی کو عام آدمی سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ اشیاء خوردونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے۔ پرائس کنٹرول اور دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو نرخ نیچے گرتے ہیں۔کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کیلئے حکومت میں نہیں آئے۔ پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں۔ وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اور ٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ دو سے چار مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرضے کی تجویز زیر غور ہے۔ بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے، دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ شہروں میں ہائبرڈ بسیں لارہے ہیں اور نوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے ہیں۔ ارکان ا سمبلی نے کہاکہ پونے تین ماہ میں روٹی اور دیگر اشیاء  کے نرخ میں کمی ریکارڈ کے مترادف ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہاکہ مریم نوازشریف غریب آدمی کیلئے بہت کچھ کررہی ہیں۔ دوسری جانب  مریم نوازشریف نے ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لئے سخت اور موثر اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس  میں  صوبے بھر کی کھاد کی ضرورت اور دستیابی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ کھاد کے نرخ میں کمی کے رحجان پر اطمینان کااظہار کیا گیا اور کسان کارڈ پروگرام میں رجسٹریشن کے لئے سپیشل ہیلپ لائن قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ کاشتکاروں کو کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فول پروف طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور پلانٹ سے ڈیلر تک کھاد کی فراہمی کی ڈیجیٹل سپلائی مانیٹرنگ موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے کاشتکار کو کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ روکنے میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں۔ ہر کاشتکار کے مفادات کا تحفظ کریں گے، استحصال کسی صورت قبول نہیں۔

ای پیپر دی نیشن