میگزین رپورٹ
حادثات کے نتیجے میں منہ، چہرے اور جبڑوں کے فریکچر سمیت منہ اور چہرے کے کینسر اور بناوٹی نقائص کے علاج معالجے اور آپریشن کے لئے حکومت پنجاب نے لاہور جنرل ہسپتال میں نیا شعبہ" اورل اینڈ میکسیلو فشل " قائم کر دیا ہے جس کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ گریڈ 20کے پروفیسر ارمغان اسرار مرزاہیں۔اس نئے شعبے کے آغاز سے ایل جی ایچ میں آنے والے منہ، چہرہ اور جبڑے کے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجے کی بڑی اور جدید سہولت دستیاب ہوگی۔ اس حوالے سے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ جنرل ہسپتال ٹریفک حادثات میں زخمی ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے کے حوالے سے پورے ملک میں شہرت اور اہمیت کا حامل ہے اور اب" اورل اینڈ میکسیلو فشل" شعبے کے قیام سے ٹوٹے جبڑوں کے آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب ایک ہی ہسپتال میں مریضوں کو ہر قسم کی طبی سہولتیں میسر ہوں گی جس کی وجہ سے مریضوں کوعلاج کے لئے مختلف ہسپتالوں میں نہیں جانا پڑے گا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین بھی موجود تھے۔
پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے کی ترقی اور مریضوں کو زیادہ سے زیادہ معیاری سہولیات کی فراہمی کا جو وعدہ کیا تھا جنرل ہسپتال میں " اورل اینڈ میکسیلو فشل"کے قیام سے اس مشن کی تکمیل میں ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے پروفیسر ارمغان اسرارمرزا کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور میڈیکل ایجوکیشن کی خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کو "اورل اینڈ میکسیلو فشل" کی سرجری کے حوالے سے تعلیم و تربیت میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور اس طرح میڈیکل طلبا و طالبات کو ایک بڑے تعلیمی سہولت فراہم ہوگی۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ منہ، چہرے اور جبڑوں کے علاج کے لئے آنے والے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ پروفیسر الفرید ظفراور ایم ایس ڈاکٹر فرہاد حسین نے نئے تعینات ہونے والے پروفیسر ارمغان اسرار مرزا سے ملاقات کی اور اْن کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔"اورل اینڈ میکسیلو فشل" شعبے کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ارمغان اسرار مرزانے یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام صلاحیتوں کو برؤئے کار لاتے ہوئے اس اہم شعبے کی ذمہ داریاں احسن انداز سے ادا کریں گے اور لاہور جنرل ہسپتال جیسے ادارے کی نیک نامی میں اضافے کا باعث ہوں گے۔