لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میںامن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منشیات اور بجلی چوری کے زیر ِ تفتیش مقدمات کو جلد سے جلد یکسو کرنے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔سی سی پی او لاہور نے ڈویژنل ایس پیز کو محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظر بہترین سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے میٹنگز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔بلال صدیق کمیانہ نے بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے پیشہ ور منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گداگروں کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے اور بچوں کو آلہ کار بناکر بھیک منگوانے والے گداگر مافیا کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ سنگین مقدمات حل کرنے کیلئے فرانزک شواہد،سیف سٹیزاتھارٹی کے کیمروں اور جدید ٹیکناجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے انویسٹی گیشن کامعیار مزید بہتر بنائیں اورخطرناک مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوا کر شہریوں کو انصاف کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے۔