منظم جرائم کی شرح میں مزیدکمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا حکم  

May 29, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس حالت امن میں جانیں قربان کرنیوالا واحد ادارہ ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس کا ہیومن ریسورس اس کی اصل طاقت ہے، سپروائزری افسران کانسٹیبلری کیساتھ کنکشن قائم رکھ کر اچھے نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ منظم جرائم کی شرح میں مزید کمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔سنگین جرائم کی سرکوبی کرنیوالے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سی پی او درسگاہ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں آئی جی پنجاب  نے گوجرانوالہ ریجن کے کرائم فائٹر افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد،کیش ایوارڈز سے نوازا گیا۔  آئی جی پنجاب نے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سلطان احمد چوہدری ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ سمیت دیگر افسران تقریب میں موجود تھے۔

مزیدخبریں