اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب‘ حافظ نعیم‘ جمعہ کو یوم احتجاج منانے کی اپیل 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے سرحدی شہر رفح پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح شہر میں لاکھوں پناہ گزین عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ پناہ گزین کیمپوں پر حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب بین الاقوامی عدالت انصاف نے خاص طور سے اسرائیل کو رفح پر بمباری کرنے سے روکا تھا۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 2جون کو کراچی میں غزہ ملین مارچ  کا بھی اعلان کیا۔  جمعہ کو یوم احتجاج منانے کی اپیل کر دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اپنے آپ کو بین الاقوامی قوانین کا پابند سمجھتا ہے اور نہ ہی انسانی اقتدار کا۔ اسرائیل اپنے سٹریٹیجک اہداف میں ناکامی کا بدلہ معصوم بچوں پر وحشیانہ بمباری کر کے لے رہا ہے۔ رفح کے سرحدی شہر میں دو دن سے قتل عام ہو رہا ہے۔ دو ہزار ٹن بارود والے بم گرائے جا رہے ہیں۔ بچوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے اور مسلمان ممالک تماشا دیکھ رہے ہیں۔ اسرائیل بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے اور ان جرائم میں امریکا اور مسلمان ممالک کی حکومتیں برابر کی شریک ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے اہل غزہ کے تحفظ کے لیے واضح اقدامات نہ اٹھانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مسلمان ممالک کو فلسطینیوں کے دفاع کے لیے میدان میں نکلنا چاہیے۔ فلسطینیوں کا دفاع مسلمان حکومتوں اور افواج کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن