اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے اوٹاوا میں کینیڈین چیف جسٹس سے ملاقات کی جس میں عدالتی تعاون اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں عدالتی تعاون اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق جج صاحبان نے عدالتی تعلیم اور تربیت کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا اور ججوں اور عدالتی افسران کے تبادلے کا پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل اکیڈمی پاکستان اور جوڈیشل انسٹی ٹیوٹ کینیڈا میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں عدالتی آزادی اور اخلاقیات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق ججز نے عدالتی نظام میں غیر جانبداری اور دیانتداری کیلئے بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد قانونی نظام میں گہری سمجھ بوجھ پیدا کرنا ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ یہ ملاقات ہمارے عدالتی تعلقات میں نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے۔