بھارت ، شیدید بارشیں ، لینڈ سلائیڈنگ 24افراد ہلاک ،امریکہ میںطوفان سے تباہی ،23شہری مارے گئے

نئی دہلی+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست میزو رام‘ آسام‘ میگھا لیپہ اور ناگا لینڈ میں طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے مختلف واقعات میں 24 افراد ہلاک اور 12 لاپتہ ہو گئے۔ راجستھان اور نئی دہلی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ راجستھان میں درجہ حرارت 50 سے اوپر چلا گیا۔ ہیٹ سٹروک سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ دریں اثناء امریکی  ریاستوں ٹیکساس، اوکلاہاما، آرکنساس اور کینٹکی میں طوفان نے تباہی مچادی۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں آرکنساس میں ہوئیں جہاں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ ٹیکساس میں 7، کینٹکی میں 5 اور اوکلاہاما میں 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ورجینیا اور جنوبی کیرولائنا میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ سڑکیں زیر آب  آ گئیں جب کہ ٹرانسپورٹیشن اور مواصلات کا نظام بھی ٹھپ ہوگیا۔ معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے۔ متاثرہ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ہسپتالوں، میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن