اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے میزائل ٹیکنالوجی کی دوڑ کو خطے کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے میں میزائل ڈیویلپمنٹ قاتل ہے اور نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر بننا چاہتا ہے۔ اسلام آباد میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے کہا کہ آج کا دن ہماری قوم کے جذبے اور محنت کا عکاس ہے۔ میزائل ایک تلوار کی مانند ہے تاہم دیکھنا ہو گا کہ قاتل کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں میزائل ڈیویلپمنٹ کو اس قاتل کی صورت میں دیکھنا ہو گا۔ میرے ذاتی خیالات کے مطابق جنوبی ایشیا میں یہ قاتل بھارت ہے۔ بھارت اپنے آئین کا نہیں بلکہ آر ایس اہس، وشوا ہندو پریشد اور دیگر خاندانوں کا نمائندہ ہے۔ بھارت اب اکھنڈ بھارت کے راستے پر گامزن ہے اور اسی وجہ سے ایک قاتل ہے۔ بھارت نازی اور فسطائی نظریات پر چل رہا ہے۔ مودی کی ذہنیت قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس طرح کے میزائلوں کے سکیورٹی پروٹوکول سے واقف ہوں۔ بھارتی جوہری پروگرام ایک انتہائی غیر شفاف جوہری پروگرام ہے۔ نئی بھارتی پارلیمان میں نصب ہونے والا اکھنڈ بھارت کے نقشے میں چھوٹے ممالک کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے کشمیر کو علاقائی اور عالمی سطح پر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ کہا جا رہا ہے۔ بھارتی میزائلوں کو چین اور پاکستان کے خلاف نصب کیا گیا ہے۔
میزائل دوڑ خطرناک، بھارت کے نظریات فسطائی، مودی کی ذہنیت قاتل: جنرل (ر) زبیر
May 29, 2024