شیخوپورہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ڈیڈ ہاؤس میں نعشوں کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری

شیخوپورہ (عظیم علی شیخ، امجد علی سلطانی سے) ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم ڈیڈ ہاؤس میں نعشوں کی بے حرمتی کا سلسلہ بدستور جاری ہے خصوصاً لاوارث نعشوں کو بے گور و کفن کئی کئی گھنٹوں تک کوڑا دان کے قریب رکھا جارہا ہے جن کے تعفن زدہ ہونے کے باوجود بھی ڈیڈ ہاؤس کا بے حس عملہ انہیں فوری پوسٹ مارٹم کر کے منتقل کرنے پر توجہ دینے سے قاصر ہے جبکہ با اثر افراد عملہ کی مٹھی گرم کرکے اپنے متوفیوں و مقتولین کی نعشوں کے پوسٹ مارٹم کرا کر روانہ ہوجاتے ہیں مگر لاوارث نعشوں سے انسانیت سوز سلوک روا رکھا جارہا ہے جس کی معاشرتی اخلاقی و دینی اقدار میں کوئی گنجائش نہیں، شہریوں کے مطابق گزشتہ روز بھی ایک لاوارث مقتول کی نعش برآمد ہونے پر ڈیڈ ہاؤس منتقل کی گئی جسے عملہ نے کوڑا دان کے قریب رکھ دیا اور شدید گرمی میں کئی گھنٹوں تک بے گور و کفن پڑی اس نعش سے شدید تعفن اٹھنا شروع ہوگیا جس پرڈی ایچ کیو ہسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عملہ کو پوسٹ مارٹم کرکے نعش منتقل کرنے کا کہا مگر عملہ کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان سے عملہ کیخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن