حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ڈاکٹر محمد امجد کے ہسپتال میں اظہر قیوم چیمہ کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں سیکریٹری جنرل خالد اختر کے علاوہ دیگر تمام عہدیداران غلام سرور گورایہ، حافظ امانت ، رشید احمد ، اعجاز احمد،جہانزیب گجر اورمحمد وسیم گجر نے شرکت کی۔ اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر میڈیسن کی قیمتیں بڑھائے جانے پر سخت تشویش کا اظہارکیا گیا اور کہا گیا کہ غریب مریض ادویات کی گرانی کی وجہ سے اب دھکے کھاتے پھر رہے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا ایف بی آر چھوٹے چھوٹے کیمسٹوں سے لاکھوں روپے کا ٹیکس اکٹھا کررہاہے جبکہ کروڑوں کا کاروبار کرنے والوں سے کوئی پوچھتا ہی نہیں ۔اجلاس میں کہا گیا کہ ہم کمپیوٹر مشینوں کے نوٹس کو مستردکرتے ہیں حکومت ہمیں مزید پریشان نہ کرے۔وگرنہ ہم اپنے حقوق کیلئے احتجاج پر مجبورہوں گے۔