گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بزرگ رہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان، سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کے پارٹی صدر بننے سے مسلم لیگ( ن) مزید مضبوط ہوگی،میاں نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنیوالے آج خوار ہورہے ہیں،2017 میں منتخب وزیر اعظم کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا اور نااہل کرکے گھر بھیج دیا،میاں نواز شریف نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑا تھا اور آج اللہ تعالی نے میاں نواز شریف کو عزت کیساتھ سرخرو کیا،پاکستان کے عوام اور کارکنوں کے دل میاں نواز شریف کیساتھ دھڑکتے ہیں،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرا بھی میاں نواز شریف کے سر ہے۔میاں نواز شریف نے 1998 میں امریکی ڈالروں کی پیشکش اور عالمی دبائو کو مسترد کرکے ایٹمی دھماکے کئے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،مسلم لیگ( ن) اپنے قائد میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔