محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شام یا رات میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے نےبارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شام یا رات میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا، آج سے یکم جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب ہے جبکہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں مغربی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دروان موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔دوسری جانب اندرون سندھ ٹھٹہ، بدین اور سجاول کے اضلاع بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے، گزشتہ روز جیکب آباد ملک کا گرم ترین مقام رہا، جیکب آباد میں درجہ حررات معمول سے 7.7 فیصد زیادہ 51.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں اندرون سندھ میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
ملک بھر میں بارشیں،محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنادی
May 29, 2024 | 11:30