اسلام آباد( نامہ نگار )ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام گوادر کے سیلاب متاثرہ 4 ہزار گھرانوں کیلئے مالی مدد کا اجرا، سابق وزیراعلی بلوچستان میر علا الدین مری، گوادر کیچ سے ممبر قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیچ، ہلالِ احمر بلوچستان برانچ کے چیئرمین ٹکری شوکت اللہ لانگو کے ہمراہ چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے بزر کے ذریعے منصوبہ کا افتتاح کیا۔ اِس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر عبیداللہ خان نے سلائیڈز کے ذریعہ ہلالِ احمر پاکستان کے گوادر میں ریسپانس کو تفصیل سے بتایا۔ مہمانِ خصوصی میر علا الدین مری نے ہلالِ احمر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات و سانحات کے دوران ہلالِ احمر کا ریسپانس تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اِس ادارہ کی کارکردگی، خدمات اور انسانیت کیلئے اقدامات تاریخ سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت ہلالِ احمر پاکستان انسانیت کی خدمت اور باالخصوص صحت ِعامہ کی سہولیات، پینے کے صاف پانی فراہمی، نقد مالی مدد، صحت و صفائی کیلئے اقدامات میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ مجھے ہلالِ احمر کی اِس تقریب میں شرکت کرکے دِلی طمانیت ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلالِ احمر بلوچستان برانچ کے چیئرمین ٹکری شفقت لانگو نے سردار شاہد احمد لغاری کی جانب سے تعاون، احترام، مدد اور سب سے بڑھ کر بروقت ریسپانس کیلئے فوری احکامات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان کے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ تمام اضلاع میں متاثرین کی مدد کی ہے۔ گوادر سب سے زیادہ متاثرہوا ہے اور یہاں فی گھرانہ 32 ہزار روپے کی مدد قابل ِ تعریف ہے۔ تقریب سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کے پیٹر پی ہوف نے بھی خطاب کیا اور ہلالِ احمر کے گوادر کیلئے بروقت ریسپانس اور کیش امداد کو سراہا۔ تقریب میں ترکیہ ریڈکریسنٹ، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس، نار کراس، جرمن ریڈکراس کے مندوبین، ہلالِ احمر منیجنگ بورڈ کے ممبران بریگیڈئر(ر) عبدالہادی، ڈاکٹر محمد ارشاد کے علاوہ ہلالِ احمر سٹاف، رضاکار، یوفون کے نمائندگان موجود تھے۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے مہمانوں کی آمد کو مسرت کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر نے ہمیشہ انسانیت کو اولیت دی ہے۔ گوادر میں ریسپانس ایک چیلنج تھا، جسے نیشنل ہیڈکوارٹرز اور صوبائی برانچ کی ٹیموں نے مستعدی سے قبول کیا اور جیونی،پیشکان، سریندر اور گوادر سٹی کے 4 ہزار گھرانوں کو شفاف انداز سے رجسٹرڈ کیا۔ ہلالِ احمر پاکستان نے اپنا عہد پورا کرتے ہوئے پہلی امدادی قسط جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم اے ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے رابطہ میں رہے اور ہمیں متاثرین کیلئے نقدمالی مدد کا ٹاسک دیا گیا تھا جو ہم نے پورا کردیا ہے۔ سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ گوادر سمیت پورے بلوچستان کیلئے جب بھی مدد کیلئے کہا گیا ہم دیر نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دِنوں میں گوادر میں غذائی قلت کا شکار 200 حاملہ خواتین کو مالی مدد بھی دی جائے گی۔