کیلیفورنیا میں ایک 81 سالہ شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ جس پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے اپنے ہمسایوں کو غلیل بازی سے نشانہ بنا رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق ازوسہ پولیس نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملزم کی شناخت پرنس کنگ کے نام سے ہوئی ہے۔ جو کہ گزشتہ 10 سال سے اپنے ہمسایوں کی کھڑکیوں اور گاڑیوں کے شیشوں کو غلیل کی مدد سے کنچوں اور بال بیرنگ سے نشانہ بنا رہا تھا۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 9 سے 10 سالوں میں بہت سے لوگ نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی رپورٹ کرچکے ہیں۔ جس کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزم کو سیریل غلیل باز کے طور پر ڈھونڈنا شروع کیا تھا۔ تاہم اس عرصے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔بتایا گیا ہے کہ لاس اینجلس سے 40 کلومیٹر دور ملزم کو شہر میں موجود اپنے گھر کی تلاشی کے دوران باغیچے سے بال بیرنگ برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ لیفٹیننٹ جیک بشے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاسوسوں نے یہ پتہ لگایا کہ زیادہ تر بال بیرنگ مشتبہ شخص کے باغیچے سے داغے گئے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ابھی تک کسی بیہودہ سرگرمی کے علاوہ ملزم کا کوئی اور مقصد سامنے نہیں آیا ہے۔ ملزم کی تلاش میں کافی سال لگ گئے کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ آکر مشکوک شخص ہے کون۔ ملزم کو اب قانونی کارروائی کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔