وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن پر جان قربان کرنیوالے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے امن دستے قیام امن ،لوگوں کی حفاظت کیلئے انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ امن دستوں میں پاکستانیوں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ 64 برس میں دنیا میں امن کے قیام کیلئے افواجِ پاکستان کے 2 لاکھ 30 ہزار جوانوں و افسران بشمول 500 خواتین نے اپنا اہم کردار ادا کیا. وزیراعظم مجھ سمیت پوری قوم اقوامِ متحدہ کے امن دستوں میں عالمی امن کے قیام کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے 181 پاکستانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے عالمی امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ اقوامِ متحدہ کے آئندہ نسلوں کیلئے ایک پر امن اور خوشحال دنیا کے مقصد کو پورا کرنے کیلئے پاکستان ہمیشہ کی طرح سرگرم رہے گا۔