نیو یارک: پاکستان نے سینٹ لوشیا سے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں جس کیلئے تقریب امریکی شہر نیو یارک میں منعقد ہوئی۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو یارک میں واقع پاکستانی مشن نے تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور کریبین جزیرے سینٹ لوشیا کی ہم منصب سفیر مینیسا ریمبلی نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کردئیے۔تقریب سے خطاب کے دوران پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے لوگوں میں کرکٹ سے محبت مشترک ہے۔ سفارتی تعلقات کو باضابطہ کرنے سے دونوں ممالک تجارت، سیاسی تعاون اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔اس موقعے پر سینٹ لوشیا کی جانب سے مندوب مینیسا رامبالی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی اعزازی پاکستانی شہریت رکھتے ہیں جن کا تعلق سینٹ لوشیا سے ہے۔ خیال رہے کہ سابق کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستان کی شہریت فروری 2020 میں دی گئی تھی۔دونوں ممالک پاکستان اور سینٹ لوشیا کے مابین باضابطہ تعلقات کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سینٹ لوشیا کی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے مابین تجارت اور سیاحت سمیت دیگر شعبہ جات میں باہمی تعاون کی راہیں کھل جائیں گی۔