جعلی ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجراء کا معاملہ ،غیر قانونی اداروں کے 3 مالکان گرفتار

May 29, 2024 | 23:48

ویب ڈیسک

جعلی ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجراء کے معاملے میں غیر قانونی اداروں کے 3 مالکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے چھاپہ مار کاروائیاں ماڈرن انسٹیٹیوٹ آف انفورمیٹکس، جوہر انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلام آباد اور انٹرنیشنل کالج آف ایجوکیشن کے نام سے بنائے گئے جعلی اور غیر رجسٹرڈ اداروں میں کیں۔چھاپہ مار کاروائیوں میں مذکورہ انسٹیٹوٹ کے مالکان کو گرفتار کر لیا گیا،گرفتار ملزمان میں ذیشان زاہد، عمر فاروق اور احسن الدین شامل ہیں۔ملزمان کو راولپنڈی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا،ملزمان نے عام شہریوں کو بھاری رقوم کے عوض جعلی ٹیکنیکل سرٹیفیکٹ، ڈگریاں اور کارڈز جاری کئے۔

ملزمان کے خلاف کارروائیاں نویٹیک کی شکایت پر کی گئی۔ملزمان جعلی اور غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے چلا رہے تھے۔ملزمان مذکورہ انسٹیٹیوٹ میں جعلی ڈپلومے، سرٹیفیکٹ اور جعلی ڈگریاں جاری کرنے میں ملوث تھے۔ملزمان جعلی اداروں کے نام سے مختلف اخبارات اور سوشل میڈیا پر داخلے کے اشتہارات لگاتے تھے۔چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں، سرٹیفیکیٹ، کارڈز، ڈپلومے اور سرٹیفیکیٹ بنانے والے آلات برآمد کر لئے گئے۔

ملزمان کے قبضے سے جعلی مہریں، ڈپلومہ اسٹیکرز، خالی سرٹیفیکٹس اور لیٹر ہیڈ بھی برآمد کر لئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے ایمبوزڈ مشین بھی برآمد کر لی گئی۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسلام آباد زون کی جانب سے بہترین کارکردگی پر ٹیم کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے جعلی اور غیر قانونی اداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزیدخبریں