”سونامی“ کو کوئی نہیں روک سکتا، کراچی کا جلسہ انقلاب مصر کی یادیں بھلا دیگا: عمران

پیر جوگوٹھ+ سکھر (نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 25 دسمبر کو کراچی میں ہر صورت میں جلسہ کرینگے چاہے جنگ بھی ہو رہی ہو۔ وزیراعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کہ عوامی سیلاب کے سامنے کھڑے نہ ہوں۔ تحریک انصاف کے سونامی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ کراچی کا جلسہ انقلاب مصر کی یادیں بھلا دیگا، حکمران ایک تھانیدار کی مار ہیں۔ تحریک انصاف میں مزید بڑے بڑے سیاستدان شامل ہوں گے۔ آصف زرداری کی قیادت میں شفاف انتخابات ممکن نہیں، دھاندلی ہوئی تو خونیں انقلاب آئیگا۔ پیپلز پارٹی کی تباہی کا کام آصف زرداری نے کردیا ہے۔ سکھر میں نیوز کانفرنس سے خطاب، پیر جوگوٹھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں اپنے مفادات پورے کرنے کی خاطر اکٹھی ہوئی ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ظلم کو ختم کررہے ہیں لیکن یہ ظلم کے نظام کو بچا رہے ہیں اور اس میں یہ سب اربوں روپے کماچکے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ تمام مظلوموں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ مجھے خوشی ہوئی کہ سندھ کے عوام جاگ گئے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں روزگار ہے نہ کوئی قانون۔ عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی تو کسی بھی مسلح گروپ کو ہتھیار اٹھا کر سرعام پھرنے نہیں دیگی۔ تحریک انصاف پنجابی، سندھی اور پٹھانوںکی نہیں یہ پاکستان کی جماعت ہے جو ہمارے ساتھ آئےگا، وہ ٹھیک ہوجائےگا۔ میں جب کرکٹ ٹیم کا کپتان تھا تو میرے دور سے دو سال قبل میچ فکسنگ کے الزامات لگے تھے، جب تک لیڈر شپ ٹھیک نہیں ہوگی، تب تک نچلا طبقہ ٹھیک نہیں ہوسکتا۔ اس موقع پر پیر پگاڑا کے پوتے راشد شاہ، وفاقی وزیر میر ہزار خان بجارانی کے بھتیجے راز خان بجارانی اور بھانجے نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا نوازشریف اور آصف علی زرداری سمیت دیگر کرپٹ سیاستدانوں کیلئے ایسی گیندیں بنا رہا ہوں جس سے یہ کلین بولڈ ہو جائینگے۔ اقتدار میں آکر ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلائیں گے اور قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کیخلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ دائر کروائیں گے، حکمرانوں نے ریلوے، پی آئی اے اور واپڈا کو تباہ کردیا ہے۔ رینٹل پاور پلانٹس کمیشن بنانے اور کرپشن کرنے کے چکر میں لگائے جا رہے ہیں۔ تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کی جماعت نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو فوج کی پیداوار ہے۔کپتان ٹھیک ہو تو پوری ٹیم صحیح کام کرتی ہے اور ہمارے ساتھ چلنے والا ٹھیک ہو جائے گا یا پھر علیحدہ ہو جائے گا۔ ایم کیو ایم اولین ہدف نہیں بلکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہیں، باقی بت خودبخود گر جائیں گے، سندھ بالخصوص کراچی سندھ میں خوف کا بت توڑ دیں گے۔ جن کیلئے لڑ رہے ہیں انہوں نے ہی ہمارے فوجی شہید کر دئیے۔ فرشتہ ہونے کا دعویٰ نہیں کرتا مگر حکمرانوں کے سامنے فرشتہ ہوں ان کو چیلنج دیتا ہوں کہ وہ شوکت خانم ہسپتال میں ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت کرکے دکھائیں۔

ای پیپر دی نیشن