ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے مسلم لیگ ن امید کی واحد کرن ہے: حمزہ شہباز


لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے اور اُسے قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) اُمید کی واحد کرن ہے اور عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ کو کامیاب کرکے ملک کو مشکلات سے نکالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پارٹی میں ابن الوقت اور دولت کے پجاریوں کیلئے کوئی جگہ نہیں کیونکہ ان کا نصب العین ہے اور نہ ہی کوئی نظریہ۔ حلقہ این اے 162کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری زاہد اقبال ہیں جنہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنا پارٹی کے ہر کارکن کا فرض ہے۔ یہ بات انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ملک ندیم کامران، سعود مجید اور چودھری محمد اشرف بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ ملک جس لوڈشیڈنگ، بدامنی، مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی کی جس شدید صورتحال سے گزر رہا ہے اس پر ہر شخص دکھی ہے اور چاہتا ہے کہ پاکستان کے حالات بہتر ہوں اور دشمنوں کی سازشیں ناکام ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف آزاد امیدوار عوام کو گمراہ کرنے کیلئے پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ وہ انتخاب جیت کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے۔ مسلم لیگ کے امیدوار چودھری زاہد اقبال ہیں اور انہیں پارٹی قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) انتخابی عمل کی شفافیت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ضمنی انتخابات کی مہم میں کوئی وزیر اور حکومتی رکن انتخابی مہم چلانے میں شریک نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مخالف امیدوار منفی ہتھکنڈے استعمال کرکے اور جھوٹ کا سہارا لے کر انتخاب جیتنا چاہتے ہیں جسے مسلم لیگ کے کارکن اپنی بھرپور صلاحیتوں سے ناکام بنا دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...