قاہرہ (اے ایف پی + ایجنسیاں) مصر میں آئین مرتب کرنیوالے پینل نے دستور کا مسودہ تیار کر لیا ہے پینل میں مسودہ پر رائے شماری آج ہو گی۔ گزشتہ روز لبرل، بائیں بازو کے ارکان اور عیسائی ممبران نے واک آﺅٹ کیا۔ مسودہ آئین پر ریفرنڈم دسمبر میں ہو گا۔ صدر مرسی نے گزشتہ ہفتے اسمبلی کو دو ماہ کا اضافی وقت دیا تھا اس طرح سے مسودہ آئین مکمل کرنے کیلئے اس فروری تک کا وقت تھا لیکن اب عجلت میں مسودہ تیار کر لیا گیا۔ دوسری جانب صدارتی اختیارات میں اضافے کے خلاف گزشتہ روز بھی مظاہرے کئے گئے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں مزید ایک شخص جاں بحق اور 150 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قاہرہ میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک رات گئے سینکڑوں افراد نے احتجاج کیا اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک بلاک کر دی۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ شیلنگ سے 52 سالہ شخص دم گھنٹے سے ہلاک ہو گیا جبکہ تحریر سکوائر پر ہزاروں افراد کا دھرنا ساتویں روز میں داخل ہو گیا۔ مرسی کے خلاف سکندریہ ،سوئز ،منیا اور دریائے نیل کے ڈیلٹا کے مختلف علاقوں میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ماہالا میں اخوان المسلمون کے دفتر کے باہر صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مصر کی اعلی عدالتوں نے صدر مرسی کے متنازعہ حکم نامے کے خلاف ہڑتال کر دی۔ اخوان المسلمین نے صدر مرسی کی حمایت میں پرسوں (ہفتے) کو مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔