مسجد الحرام میںمطاف کی توسیع کا کام باقاعدہ شروع ہوگیا

Nov 29, 2012

مبشر اقبال لون استادانوالہ

مکہ مکرمہ(مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) دنیا کے گوشے گوشے سے آنے والے فرزندان اسلام کی سہولت کی خاطر مسجد الحرام میں مطاف کی توسیع کا کام باقاعدہ شروع کردیا گیا۔متعلقہ کمپنی نے تعمیر و توسیع کیلئے درکار آلات اور مشینیں حرم شریف کے اندر پہنچادیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ امام وخطیب حرم کعبہ فضیلة الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ مطاف کی توسیع کا منصوبہ تین مرحلوں میں تین برس کے دوران مکمل کیاجائیگا۔ سعودی دور کی پہلی توسیع منہدم کرنے اور عثمانی دلان باقی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے البتہ عثمانی دور کے مینارے اور دروازے منہدم ہوں گے۔قدیم حرم بھی جوں کا توں رہے گا البتہ اس کی سطح کو مطاف کی سطح کے برابر کردیاجائیگا۔ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ اس کی بدولت خارجی صحنوں اور مطاف براہ راست ایک دوسرے سے مربوط ہوجائیں گے، اور اندر آنے جانے والوںکے درمیان کسی قسم کا کوئی تصادم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی ہدایت ہے کہ یہ منصوبہ جلد از جلد ریکارڈ وقت میں مکمل کیاجائے تا کہ عمرہ،زیارت و طواف کیلئے حرم شریف آنے والوں کو کسی طرح کوئی قابل ذکر زحمت اور تکلیف نہ ہو۔دریں اثناءسعودی عرب کے سیکرٹری حج حاتم حسن قاضی نے واضح کیا ہے کہ مطاف میں توسیع کے کام سے عمرہ موسم متاثر نہیں ہوگا۔ پریذیڈنسی میں تعلقات عامہ کے انچارج احمد المنصوری نے بتایا کہ دروازوں کی بندش کا عمل باب مروہ سے کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں