لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کی اپیل پر امریکی ڈرون حملوں کیخلاف آج (جمعہ) 29 نومبر کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، حیدرآباد و دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں المحمدیہ سٹوڈنٹس دفاع پاکستان کو نسل کی جانب سے احتجاج کی کال پر دوپہر اڑھائی بجے پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ جس میں دفاع پاکستان کونسل کے رہنما خطاب کریں گے۔ دیگر شہروں میں بھی بڑے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے قائدین مولانا سمیع الحق، سید منور حسن، پروفیسر حافظ محمد سعید، جنرل (ر) حمید گل، مولانا احمد لدھیانوی، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، سردار عتیق، اعجاز الحق، اجمل خان وزیر، لیاقت بلوچ نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرون حملوں کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ پوری دنیا کو مضبوط پیغام دیا جائے کہ پوری پاکستانی قوم ان حملوں کے خلاف ہے۔ یوم احتجاج کے موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے امریکہ نے افغانستان میں شکست کے یقین پر پاکستان میں ڈرون حملے شروع کئے اور ان حملوں کیلئے اس خطہ کا انتخاب کیا جہاں وہ اس جنگ کو مستقل رکھنا چاہتا تھا۔ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ایجنسیاں بھی اس سازش میں ملوث ہیں۔ وطن عزیز میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈرون حملے روکنا انتہائی ضروری ہے۔