بائیو میٹرک رجسٹریشن بھارتی کمپنی کے حوالے، حساس ڈیٹا تک رسائی آسان

Nov 29, 2014

ملتان (طارق انصاری) سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ و دیگر ویزوں کے اجراءکیلئے فنگر پرنٹس اور آنکھوں کی سکیننگ کا کنٹریکٹ دبئی کی بھارتی پرائیویٹ کمپنی کو دے کر پاکستان کے حساس ترین ڈیٹا تک بھارت کی رسائی کو آسان بنا کر رکھ دیا ہے۔ اس ضمن میں قومی حساس اداروں نے بھی رپورٹ مرتب کر لی ہے۔ سعودی قونصل جنرل کی جانب سے عمرہ و دیگر ویزوں کے حامل افراد کا ڈیٹا سعودی حکومت تک محدود رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ جبکہ پاکستان ٹریولز ایجنٹس ایسوسی ایشن نے وزارت داخلہ کو تحریری طور پر اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق اس ضمن میں سعودی عرب کی پرائیویٹ کمپنی تحصیل جو سعودی عرب کے ائر پورٹس پر عمرہ و حج زائرین کے ویزوں کی تصدیق کی خدمات انجام دیتی ہے۔ اس نئے پروجیکٹ کا کنٹریکٹ دبئی کی پرائیویٹ کمپنی ”اعتماد“ کو دے دیا ہے جس کا مالک موہن داس ہے۔ کمپنی میں 14 اہلکار ہیں جن میں سے 12 غیر مسلم اور 2 مسلم انڈین ہیں۔ اس کمپنی نے لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ ملتان اور سرگودھا سمیت پشاور اور کوئٹہ میں اپنے دفاتر کھول دیئے ہیں۔ تاہم ٹریولز ایجنٹس کے بائیکاٹ اور حساس نوعیت کے معاملات آڑے آنے کے باعث تاحال فنکشنل نہیں ہو سکے۔ تشویشناک امر یہ ہے مذکورہ کمپنی کی جانب سے جاری کی جانیوالی سلپ پر درج کیا گیا ہے کہ حامل ویزہ کا ڈیٹا چوری ہو جائے تو کمپنی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ کراچی کے معتبر ذرائع کے مطابق اس مسئلہ کو وزارت داخلہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے جبکہ ایک حساس ادارہ بھی ان حساس معاملات پر رپورٹ مرتب کر چکا ہے۔ 22 اکتوبر کو قونصل جنرل سعودی عرب کو ان حساس معاملات بارے خدشات سے آگاہ کیا گیا تھا جس پر انہوں نے عمرہ و دیگر ویزہ ہولڈرز کی معلومات سعودی عرب تک محدود رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعتماد نامی کمپنی کے روبرو معاملات کو سلجھانے کی یقین دہانی کرائی۔ نجی کمپنی کے ذمہ داران بات چیت سے تاحال کترا رہے ہیں۔
ویزہ سکریننگ

مزیدخبریں