اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے حد بندیوں کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ الیکشن کمشن نے پنجاب اور سندھ میں حد بندیوں کیلئے افسران کو تربیت دینا شروع کر دی ہے۔ پنجاب اور سندھ حکومت سے یونین کونسلز، وارڈ کی سطح پر حد بندیوں کے نوٹیفکیشن اور تصدیق شدہ نقشے بھی طلب کر لئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور سندھ الیکشن کمشن کے ضلعی افسران کی تربیت شروع ہو چکی ہے۔ تربیتی عمل جنوری کے دوسرے ہفتے میں ختم ہوگا۔ پنجاب اور سندھ نے حد بندیوں کیلئے ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یہ رپورٹ وکیل اکرم شیخ کے توسط سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی ہے۔
بلدیاتی انتخابات
بلدیاتی انتخابات‘ الیکشن کمشن نے حد بندیوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرادی
Nov 29, 2014