کراچی انتظامیہ نے عمران، سراج الحق کیخلاف الیکشن کمشن کو خط لکھ دیا، مقدمات درج کرنے پر غور

Nov 29, 2015

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + وقائع نگار) بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے کراچی مشترکہ ریلی نکالی۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ریلی کے لئے باقاعدہ طور پر دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی اجازت نہیں لی گئی جوکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ کراچی انتظامیہ نے الیکشن کمشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے عمران خان اور سراج الحق کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمشن کو خط لکھ دیا۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بحیثیت ایم این اے اور سراج الحق نے بحیثیت سینیٹر قانون کی خلاف ورزی کی۔ دونوں قائدین نے لوکل گورنمنٹ الیکشن 2015ءکے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ قانون کے مطابق سینیٹر اور رکن اسمبلی بلدیاتی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے خط میں کہا کہ الیکشن کمشن ہدایت جاری کرے کہ کیا قانونی کارروائی کی جائے۔ وقائع نگار کے مطابق عمران خان اور سراج الحق سمیت پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں بلدیاتی الیکشن کے ضابط اخلاق کی خلاف ورزی، بغیر اجازت ریلی نکالنے، لاﺅڈ سپیکر کی خلاف ورزی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرانے کے لئے حکومت سندھ نے غور شروع کردیا اور عمران خان، سراج الحق سمیت دیگر رہنماﺅں کی تقاریر، ریلی کی فوٹیج اور تصاویر کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا جنہیں دیکھ کر قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لیا جائے گا۔
خط/ مقدمات پر غور

مزیدخبریں