کابل (آئی این پی + صباح نیوز + آن لائن) افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران پاکستانی سمیت 2 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ 7پاکستانی جنگجوئوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر طالبان نے ضلعی گورنر جمعہ خان کو پھانسی دے دی۔ ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق دو عسکریت پسند جس میں ایک پاکستانی بھی شامل ہے مختلف واقعات میں مارے گئے جبکہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں آپریشن کے دوران 7 پاکستانی جنگجوئوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے بتایا ہے کہ ضلع کھوگیانی کے علاقے وزیرو میں نیٹو کے ڈرون حملے میں ایک جنگجو ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ادھر ضلع باٹی کوٹ کے علاقے چاردہی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک پاکستانی جنگجو ہلاک ہوگیا جبکہ 7 کو گرفتار کر لیا گیا۔ افغان خبررساں ادارے کے مطابق گذشتہ رات طالبان عسکریت پسند ڈسٹرکٹ خاص ارزگان کے سابق گورنر جمعہ خان کے گھر میں گھس گئے اور انہیں گن پوائنٹ پر گھسیٹتے ہوئے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ ارزگان کے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نور آغا کامران نے بتایا کہ جمعہ خان کی نعش بعدازاں ڈسٹرکٹ ارزگان کے علاقے کالا خور میں ایک درخت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ نعش کو وصول کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کو روانہ کردیا گیا۔ اگرچہ واقعے کے حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم ماضی میں بھی وہ ایسی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ قندھار سے منسلک افغان صوبہ ارزگان کو طالبان کی جائے پیدائش کہا جا سکتا ہے، جہاں طالبان کی جانب سے کارروائیاں کی جاتی رہتی ہیں۔