لاہور (نمائندہ سپورٹس) ریجنز کرکٹ کی نرسری ہیں۔ علاقائی کرکٹ کو مضبوط اور بااختیار بنا کر ہی بہترین ٹیلنٹ سامنے لایا جا سکتا ہے۔ ریجنز کا نظام مضبوط اور بااختیار ہو گا تو نچلی سطح پر کھیل کی بہتری کیلئے مناسب اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی طرف سے کھیلنے والے کرکٹرز کی بنیادی تربیت اور ابتدائی سطح پر کھیلنے کے مواقع ریجنز ہی دیتے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کو ان کی اہمیت کے پیش نظر علاقائی کرکٹ کو مضبوط کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں لاہور کی ٹیموں کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ مضبوط اور بہتر ٹیموں کیخلاف ہماری دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کو پورے پاکستان سے ٹیم بنانے کا فائدہ ہوتا ہے۔ ہم صرف محدود علاقے سے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ بعض مواقع پر ہماری ٹیموں نے خراب کھیل بھی پیش کیا لیکن مجموعی طور پر کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔
ریجنز کرکٹ نرسری، نظام مضبوط ہو گا تو کھیل میں بہتری ہو گی : خواجہ ندیم احمد
Nov 29, 2015