کرنسی بحران کے خلاف کامیاب ہڑتال، اپوزیشن نے بھارت بند کرا دیا

نئی دہلی (نیوز ڈیسک+ اے ایف پی) بھارت میں مودی سرکار کی طرف سے بڑے کرنسی نوٹ ختم کرنے سے پیدا شدہ بحران کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال اور شہر شہر مظاہرے ہوئے۔ دارالحکومت نئی دہلی میں اپوزیشن کی مرکزی جماعت کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں نے نائب صدر راہول گاندھی کی قیادت میں پارلیمنٹ سے جنتر منتر تک ریلی نکالی اور مودی سرکار کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ راہول گاندھی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی میں ہمت ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آ کر کرنسی بحران پر بحث کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں سے لوگ بنکوں کے اندر، باہر لائنوں میں لگے رقم تبدیل کرانے کیلئے خوار ہو رہے ہیں، کسانوں کے پاس کاشتکاری کیلئے پیسہ نہیں لوگوں کے چھوٹے کاروبار تباہ ہوچکے، مودی ناکام سکیم متعارف کرانے پر استعفیٰ دیں۔ دریں اثناء مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں بھارت بندھ کے نام سے ہڑتال کے دوران ہر قسم کی ٹرانسپورٹ، تعلیمی، کاروباری ادارے، تجارتی مراکز مکمل بند رہے۔ ہزاروں افراد نے وزیراعلیٰ ممتا بینر جی کی قیادت میں ریلی نکالی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنے تجربات کے ذریعے ملک کی معیشت تباہ کر دی اور عوام کو بھوکوں مار دیا ہے انہوں نے کہا کہ وہ مریں یا جیئں مودی کو ہٹا کر دم لینگی۔ دریں اثناء ممبئی میں 5 ہزار سے زائد افراد نے مودی سرکار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کا اہتمام اپوزیشن جماعت کانگریس نے کیا تھا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے صدر منیش تیواڑی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں غیراعلانیہ مالی ایمرجنسی لگا دی جس سے ملک بھر کے عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ علاوہ ازیں بہار، اترپردیش، کیرالہ، منی پور، میزورام، ناگالینڈ سمیت کئی ریاستوں میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی اطلاعات ملی ہیں دوسری طرف بھارتی ایوان بالا راجیہ سبھا کے اجلاس کے دوران گزشتہ روز اپوزیشن ارکان نے کرنسی بحران پر احتجاج اور ہنگامہ کیا۔ وہ شور شرابہ کرتے ہوئے سپیکر کے سامنے کھڑے ہو گئے اور مودی سرکار کیخلاف نعرے لگائے۔ دریں اثنا نریندر مودی حکومت نے کالا دھن رکھنے والوں کو گھیرنے کیلئے نئی سکیم گزشتہ روز متعارف کرادی۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے سکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ کالا دھن ظاہر کرنیوالوں کو ظاہر کردہ رقم کا 50 فیصد ٹیکس اور جرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ دیگر 25 فیصد رقم 4 سال کیلئے بغیر منافع سرکاری سکیم میں جمع کرا دی جائیگی۔ اسکے علاوہ جس کالے دھن رکھنے والے نے اپنا دھن ظاہر نہیں کیا اور وہ پکڑا گیا تو اسے کل رقم کا 85 فیصد جرمانہ بھرنا پڑے گا۔ علاوہ ازیں راجستھان کے ضلع ناگور میں رقم کے حصول کیلئے بنک کے باہر گھنٹوں کھڑے رہ کر ذلیل ہونیوالا ریٹائر تجارتی فوجی 70 سالہ پراہلد سنگھ زمین پر گرا اور دم توڑ گیا اس طرح کرنسی بحران کے باعث اب تک 40 کے قریب بھارتی شہری جانیں گنوا چکے ہیں۔ جن میں زیادہ تر بزرگ اور خواتین ہیں۔

ای پیپر دی نیشن