این ایف سی اجلاس‘ سندھ‘ خیبر پی کے‘ بلوچستان کے وزرائے خزانہ کی عدم شرکت‘ پیشرفت نہ ہو سکی....

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) قومی مالیاتی کمشن کے دوسرے اجلاس میں سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان کے وزرائے خزانہ کی عدم شرکت کے باعث ٹھوس پیشرفت نہیں ہوسکی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے غیر سرکاری نمائندوں نے شرکت کی جبکہ پنجاب کی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے شرکت کی۔ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بطور وزیر خزانہ صوبہ سندھ کمشن کے ممبر ہیں۔ خیبر پی کے کی طرف سے اجلاس سے قبل ہی اس کے بارے میں تحفظات ظاہر کر دیئے گئے تھے اور کہا جا رہا تھا اجلاس عجلت میں بلایا گیا ہے جس کے باعث تیاری نہیں کی جا سکی۔ ذرائع نے بتایا اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ کی طرف سے شرکاءکو عندیہ دیا این ایف سی کا ایوارڈ آئندہ بجٹ سے قبل دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اور وفاق مکمل تعاون کرے گا۔ گزشتہ روز این ایف سی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا جس میں خیبر پی کے کی نمائندگی پروفیسر ابراہیم‘ سندھ کی نمائندگی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی جبکہ دوسرے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ورکنگ گروپس سے کہا گیا وہ اپنی رپورٹ کو 10 دسمبر تک حتمی شکل دے دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا این ایف سی کا آئندہ اجلاس دسمبر کے تیسرے ہفتے میں بلایا جائے گا اور اس سے قبل گروپس کی حتمی رپورٹ صوبوں کے ساتھ شیئر کر لی جائے گی۔ اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا اجلاس میں این ایف سی کی ششماہی رپورٹ برائے جنوری تا جون 2016 ءکی منظوری دی گئی۔ یہ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا دہشت گردی کے متعلق فنڈ کا قیام این ایف سی سے متعلق معاملہ نہیں۔ تجویز ہے نیشنل سکیورٹی فنڈ بنایا جائے اور اس میں محاصل کا تین فیصد جمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا اجلاس بہت مفید اور حوصلہ افزا رہا۔ این ایف سی کے فیصلے پر وفاق بھی عملدرآمد کرتا ہے اور اس میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ آئین کے تحت کسی صوبے کے حق میں کمی نہیں کی جا سکتی۔ ذرائع نے بتایا اجلاس میں سندھ‘ خیبر پی کے اور بلوچستان کی طرف سے ایوارڈ کے اجرا میں تاخیر پر تحفظات ظاہر کئے گئے۔ خیبر پی کے سے ممبر پروفیسر ابراہیم نے کہا وفاق کو اپنے تحفظات بتائے ہیں۔ وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا نے کہا اجلاس میں مختلف معاملات پر مشاورت ہوئی۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا توقع ہے نویں مالیاتی ایوارڈ کی طرف جائیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا سندھ کے ساتھ بجلی کے واجبات کا ایشو حل ہو گیا ہے۔ جلد سمارٹ میٹر نصب کر دیئے جائیں گے۔ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا قومی مالیاتی کمشن ایوارڈ سے متعلق اتفاق رائے سے فیصلے کریں گے۔ این ایف سی کے فیصلوں کو وفاق بھی تبدیل نہیں کرسکتا،آئین میں لکھا ہے این ایف سی میں جو فائنل ہوگیا وہ حتمی ہو گا،خیبر پی کے کو برابری اور مساوی حق دیا جائے گا۔ آپریشن ضرب عضب پر ہونےوالے اخراجات سب کے علم میں اجلاس کا مقصد وسائل کے بہتر استعمال کی حکمت عملی وضع کرنا ہے۔ مسائل آتے ہیں اس کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ غازی بروتھا کاکلیم بھی زیربحث آیا۔ این ایف سی ایوارڈ کی 6 ماہ بعد رپورٹ پارلیمنٹ میں ہونا باقی ہے۔ آئندہ سال کے ایوارڈ پر4کمیٹیوں کی رپورٹ لی گئی۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا این ایف سی ایوارڈ اجلاس میں تیل اور گیس پر رائیلٹی کا مطالبہ کریں گے۔ جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم نے کہا نئے این ایف سی ایوارڈ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ امید ہے نیا ایوارڈ جلد آئیگا اور متفقہ ہو گا۔ اسحاق ڈار نے کہا خیبر پی کے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں اضافہ سٹینڈ مانگا ہے۔ قومی سلامتی کیلئے الگ سے 3 فیصد فنڈ مختص کرنے کی تجویز ہے۔
این ایف سی اجلاس

ای پیپر دی نیشن