اسلام آباد (قاضی بلال) وزارت پانی وبجلی کو سندھ سے لاہور 4 ہزارمیگاواٹ بجلی ترسیل کرنے کے منصوبے میںایک اور دھچکا لگ گیا۔ چینی کمپنی کے تحفظات کے باوجود نیپرا نے مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے لاگت میں اربوں روپے اضافہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ نیپرا نے مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی لاگت اور ٹیرف میں مطلوبہ اضافے کرنے کیلئے پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پورٹ قاسم اور تھر کے پاور پلانٹس سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی لاہور ترسیل کرنے کیلئے وزارت پانی وبجلی نے چینی کمپنی سے معاملات طے کئے تھے۔ نیپرا نے 878 کلومیٹر طویل ٹرانسیمشن لائن منصوبے کی لاگت 2 ارب 10کروڑ ڈالر اور ٹیرف 71 پیسے فی یونٹ منظورکیا تھا۔ پی پی آئی بی نے ٹیرف 95 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی د رخواست کی تھی جبکہ نیپرا نے 74 پیسے فی یونٹ ٹیرف مقرر کیا ہے ۔ حکام کے مطابق چینی کمپنی نیپرا کے منظور کردہ ٹیرف پر لاہور تک ٹرانسمیشن لائن بچھانے پر تیار نہیں۔ مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن تعمیر نہ ہوئی تو ایک ہزار 320 میگا واٹ پورٹ قاسم اور تھر سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی لاہور منتقل نہیں ہوسکے گی۔
نیپرا/ انکار