پی پی 78، احمد لدھیانوی کو ہائیکورٹ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی، حق نواز جھنگوی کے بیٹے کے حق میں دستبردار

Nov 29, 2016

جھنگ+ لاہور (نامہ نگار+ وقائع نگار) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کو جمعرات یکم دسمبر کو پی پی 78 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے جبکہ مولانا لدھیانوی کی نااہلی کے بعد اس نشست پر مولانا حق نواز جھنگوی مرحوم کے صاحبزادے مولانا مسرور انور جھنگوی کو امیدوار نامزد کیا جا چکا ہے۔ قبل ازیں ہائیکورٹ نے احمد لدھیانوی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم عبوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے درخواست گزار کے پی پی 78 جھگ کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے ہیں۔ کاغذات نامزدگی میں بیٹے کے اثاثے اور درخواست کیخلاف مقدمات کی تفصیل لکھنا غلطی سے بھول گئے۔ اس غلطی اور کاغذات نامزدگی کی درستگی کیلئے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی لیکن ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی میں ترمیم کی درخواست خارج کردی۔ وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن کی طرف سے فل بنچ کے روبرو کوئی جواب داخل نہیں کرایا گیا۔
احمد لدھیانوی

مزیدخبریں