نیویارک (بی بی سی) سان فرانسسکو میں ٹرانسپورٹ ایجنسی پر ہیکرز نے حملہ کیا ہے جس کے بعد صارفین نے مفت سفر کیا۔ ہیکرز نے اس ہیکنگ کے نتیجے میں 100 بٹکوائن جو تقریباً 70ہزار ڈالر کے برابر ہیں، کا مطالبہ کیا ہے۔ٹرانسپورٹ ایجنسی کے اہلکاروں نے احتیاطی طور پر نیٹ ورک سے جڑی ٹکٹوں کی تمام مشینیں بند کر دی ہیں۔ شہر بھر میں ٹرانسپورٹ سروسز کے تمام نیٹ ورک سے جڑے کمپیوٹروں پر جن میں سٹیشنز بھی شامل ہیں پر ہیکرز کی جانب سے ایک پیغام ظاہر ہوا۔ اس پیغام میں لکھا ہوا تھا یہ نظام ہیک کرلیا گیا ہے‘ تمام ڈیٹا انکرپٹ کرلیا گیا ہے۔cryptom27@yandex.com) ID:681 پر رابطہ کریں۔ ینڈبکس ایک روسی انٹرنیٹ کمپنی ہے جوکہ دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ ای میل اور سوشل نیٹ ورکنگ کی سہولیات بھی مہیا کرتی ہے۔ تاہم اس حملے سے ٹرینیں متاثر نہیں ہوئی ہیں اور شہر کے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ سفری سروسز صارفین کی ذاتی معلومات یا سیفٹی کے نظام پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں‘ اس لئے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کرنا صحیح نہیں ہوگا۔