15 روز کے میں ایل پی جی کی فی کلوقیمت 30روپے بڑھ گئی

کراچی(کامرس رپورٹر) حکومت کی جانب سے ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کومن مانے انداز میں ایل پی جی کی قیمتیں بڑھانے کا موقع مل گیا،گزشتہ15 روز کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں ایل پی جی کی فی کلوقیمت 30روپے بڑھ گئی،دوسری جانب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سندھ زون)کے سینئرنائب صدر عمران فاروقی نے کہا کہ حکومت نے ایل پی جی پاکستان کے غریب افراد کے استعمال کے ایندھن پر عائد لیوی اور ریگو لیٹری ڈیوٹی ختم نہ کی تو ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عرفان کھوکھر کی اپیل پر 9 دسمبر سے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور خیبر سے کراچی تک شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی اور ایل پی جی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں پر حکومتی گرفت کمزور ہونے سے ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کی آڑ میں مارکیٹنگ کمپنیوں کو صارفین کی جیب پر ہاتھ صاف کرنے کا موقع مل گیا،گزشتہ پندرہ روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت 90روپے فی کلو سے بڑھا کر120روپے فی کلو تک پہنچا دی گئی جبکہ اندرون سندھ میں ایل پی جی 130روپے فی کلو فروخت کی جانے لگی۔ایسوسی ایشن کے سینئرنائب صدرعمران فاروقی کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں اپنی مانی کرتے ہوئے صارفین کی جیبوں پر نقب زنی کررہی ہیں،ایل پی جی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت سے صارف پریشان ہیں لیکن حکومت مارکیٹنگ کمپنیوں کو قابومیں کرنے سے گریزاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی سردیاں اپنی عروج تک نہیں پہنچیں لیکن ایل پی جی کی قیمت 130روپے تک پہنچا دی گئی ہے ۔

ایل پی جی

ای پیپر دی نیشن