لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے سپر 8 مرحلے کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔ٹورنامنٹ کا آغاز 3 دسمبر سے ہوگا اور فائنل 21 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے27 نومبر کو مکمل ہونے کے بعد قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کا سپر8 مرحلہ 29 نومبر کو شروع ہونا تھا لیکن اسلام آباد دھرنے کی وجہ سے قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے سیمی فائنلز 29 نومبر اور فائنل 30کو شیڈول کیا گیا ہے۔ اس لئے قائد اعظم ٹرافی کا سپر ایٹ مرحلہ اب 3دسمبر کو شروع ہو گا۔پہلے مرحلے میں 3 دسمبر سے 6 دسمبر تک 4 میچز کھیلے جائیں گے، سوئی ناردن اور ایچ بی ایل سے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی، لاہور بلوز اور لاہور وائٹس یو بی ایل گرائونڈ نمبر 1 کراچی میں مد مقابل ہوں گی، یو بی ایل اور سوئی سدرن گیس کا مقابلہ نیازسٹیڈیم حیدر آباد جبکہ کے آر ایل اور واپڈا کا میچ سٹیٹ بینک گرائونڈ کراچی میں شیڈول ہے۔ دوسرے مرحلے کے میچز 9 دسمبر جبکہ تیسرے مرحلے میں 15 دسمبر سے میچز کھیلے جائیں گے، فائنل 21سے25 دسمبر تک شیڈول کیا گیا ہے۔
قائداعظم ٹرافی سپرایٹ مرحلے کا نیا شیڈول جاری
Nov 29, 2017