لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور خیبر پی کے کے سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ کی جانب سے ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے دوران ایک میچ کی میزبانی کی خواہش کے اظہار کو خوش آمدید کہا ہے۔ پی ایچ ایف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون جنوری میں پاکستان کا دورہ کریگی جس کے میچز پاکستان کے مختلف سنٹرز میں کھیلے جائیں گے۔ سید عاقل شاہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اس بات کی خواہش کا اظہار کیا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے ایک میچ کی میزبانی پشاور کو دی جائے ورنہ کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرینگے ‘پی ایچ ایف صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے اس خواہش کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد اس سلسلہ میں میٹنگ کی جائے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے قومی لیول کے ٹورنامنٹ بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں میں لے جا رہی ہے جس کی ایک مثال اگلے ماہ نیشنل چیمپئن شپ سکھر میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خیبر پی کے میں 2018ء میں قومی لیول کا بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔
ورلڈ ہاکی الیون دورہ، پشاور نظرانداز، کے پی اولمپک ایسوسی ایشن برہم
Nov 29, 2017