لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے 235دیہات تک بجلی مہیا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ تین روز کے دوران اوکاڑہ اور قصور کے بجلی سے محروم 7 دیہات کو بجلی کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ لیسکو کے ترجمان کے مطابق جن دیہات تک بجلی پہنچائی گئی ہے ان میں ڈسٹرکٹ قصور سے کوٹ گھسئیے خان گندی روپ سنگھ ، کوٹ عبداللہ پڑیاں ہنجرے کلاں ، کوٹ بابا شاکر ہنجرے خورد ، کوٹ شاہد نمبر دار ، کوٹ بابا غلام رسول بلیر چک46-، جبکہ ڈسٹرکٹ اوکاڑہ سے آبادی چاہ گُلے والا داخلی رُکن پورہ اور آبادی چادراں والی ڈھکی عزت کے دیہات شامل ہیں ۔جس کے بعد اب تک کل95 دیہات بجلی کی سہولت سے مستفید ہوئے ہیں۔ لیسکو کنسٹرکشن سرکل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر جعفر حسین کے مطابق اس پروگرام کے پہلے فیز کو دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب لیسکو نے تمام کیبل اور ٹیلی فون نیٹ ورکس کو متنبہ کیا ہے کہ تین یوم کے اندر بجلی کے کھمبوں پر موجود تمام تاریں ہٹا لی جائیں۔ لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو سید واجد علی کاظمی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لاہور شہرمیں موجود ایسے تمام بجلی کے کھمبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر موجود ٹیلی فون اور کیبل کی بے ہنگم تاروں کے باعث انسانی جان ومال کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
اوکاڑہ اور قصورکے بجلی سے محروم مزید 7 دیہات کو سہولت کی فراہمی
Nov 29, 2017