لاہور( کامرس رپورٹر )وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار سردار محمد ارشد خان لغاری نے کہا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ کی ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے درکار فنڈز کو حکومت کے سالانہ ترقیاتی منصوبے کا اہم جزو بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سمیڈا کے صدر دفتر میں سمیڈا کے بارے میں ایک بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب خان نے وزیر مملکت کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا اور انہیں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے ، خصوصی اقدامات، کامن فیسلٹی سنٹرز، تربیتی پروگراموں اور خدمات سے متعلق ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ اجلاس میں سمیڈا کے بور ڈ ممبر ایم اے جبار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیر مملکت نے اس امر پر اتاق کیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دیئے بغیر غربت و بے رورزگاری پر قابو نہیں پایا جا سکتا اور اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے سمیڈا کے کردار کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے سمیڈا کے تحت تشکیل دیئے گئے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ سمیڈا کے تمام قابل عمل منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کو ممکن بنایا جائے گا۔
چھوٹے کاروبار کو فروغ دیئے بغیر غربت ختم نہیں کی جا سکتی: ارشد لغاری
Nov 29, 2017