.پاکستان اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ پر نظرثانی کرے: ایران کا مطالبہ

Nov 29, 2017

اسلام آباد (شفقت علی؍ دی نیشن رپورٹ) سعودی عرب کے ساتھ بڑھتے ہوئے قریبی تعلقات پر ایرانی حکام پاکستان سے ناراض ہیں اور اس کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ سابق آرمی چیف راحیل شریف کو دینے پر ایرانی حکام غصے میں ہیں اور انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’’فرقہ وارانہ‘‘ اتحاد کی حمایت نہ کریں۔ ایرانی حکام نے اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ کے حوالے سے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس پر دربارہ غور (نظرثانی) کرے۔ پاکستان کا کہنا ہے اسلامی فوجی اتحاد دہشت گردوں کے خلاف ہے، امید ہے ہم ایران کو منا لیں گے۔ ہم نے ایران کو یقین دہانی کرائی ہے اگر یہ فرقہ وارانہ اتحاد ہوا تو ہم اس سے نکل جائیں گے ہم کسی مسلم فرقہ نہیں بلکہ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ یاد رہے پاکستان نے راحیل شریف کو سعودی عرب کی قیادت میں اسلامی فوجی اتحاد کی کمانڈ کی اجازت دی تھی۔ ایرانی حکام سے بات چیت کے دوران پاکستان نے اسلامی فوجی اتحاد کا دفاع کیا ہے ایرانی حکام کا اصرار ہے کہ یہ سنی اتحاد انکے خلاف ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے سعودی عرب کی طرح ایران بھی پاکستان کیلئے اہم ہے اسلام آباد کو کسی صورت ایران کو گنوانا نہیں چاہئے۔

مزیدخبریں