اسلام آباد (جاوید صدیق) جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے اقوام متحدہ کو درخواست دی ہے کہ ان کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے نکالا جائے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق حافظ سعید کی طرف سے لاہور کے ایک قانون دان نوید رسول مرزا کے ذریعے اقوام متحدہ کو درخواست دی گئی ہے حافظ سعید کا نام اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کی گئی دہشت گردوں کی فہرست سے نکالا جائے۔ حافظ سعید کے وکیل نے بھارتی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا ان کے پاس ٹھوس دلائل ہیں جن کی بنیاد پر ہم حافظ سعید کا نام اس فہرست سے نکلوانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی خصوصی کمیٹی نے حافظ سعید کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں حال ہی میں شامل کیا تھا۔