لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے نظرثانی بورڈ نے بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بری ہونیوالے 5 افراد کی نظربندی میں 90 روز کی توسیع کر دی۔ جسٹس عبدالسمیع کی سربراہی میں تین رکنی نظرثانی بورڈ نے سماعت کی۔ شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بری ہونیوالے 5افراد کو بکتر بند گاڑی میں پیشی کے لیے لایا گیا۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ 5افراد بری تو ہوچکے ہیں لیکن ان سے مزید تحقیقات کرنی ہیں ان کو رہا کرنے سے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ حسین گل، رفاقت علی، رشید احمد اعتزاز شاہ، شیر زمان اور حسنین کی نظربندی میں مزید توسیع کی جائے۔ نظرثانی بورڈ نے پنجاب حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہید بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں بری ہونیوالے 5 افراد کی نظربندی میں 90 روز کی توسیع کر دی۔