تتہ پانی (نامہ نگار) درہ شیرخان سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے باپ بیٹا شدید زخمی ہو گئے، دونوں باپ بیٹا اپنے گھر میں موجود تھے کہ بھارتی افواج نے انہیں اپنی فائرنگ کا نشانہ بنایا، زخمیوں کوتتہ پانی میں ابتدائی طبی امداد کے بعدکوٹلی ریفر کر دیا گیا، علاقہ میں خوف وہراس، سیاسی وسماجی رہنمائوں اور دیگر علاقہ مکینوں نے بھارتی افواج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر درہ شیرخان سیکٹر میںکئی ہفتوں کی خاموشی کے بعد منگل کے روز 12.30 بجے کے قریب سیز فائز لائن کی ایک مرتبہ پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے درہ شیرخان کے رہائشی حاجی محمد نذیر ولد مدد خان کے گھر اچانک بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں حاجی محمد نذیر اور اُنکا بیٹا پولیس ملازم ظہوراحمد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری تتہ پانی لایاگیا جہاںابتدائی طبی امداد کے بعد اُنھیں کوٹلی ریفر کردیا گیا ہے، بھارتی افواج کی جانب سے اچانک فائرنگ کے واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف وہراس پایا جاتا ہے، ادھر سابق وزیر حکومت سردار عبدالقیوم خان نیازی اور دیگر سیاسی وسماجی رہنمائوں اور علاقہ مکینوں نے بھارتی افواج کی جارحیت کی پرزور مذمت کی ہے اور حکومت پاکستان، عالمی برادری، اقوام متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ایل اوسی پر آئے روز بھارتی افواج کی جارحیت کا نوٹس لیا جائے اور اس جارحیت کو بند کروایا جائے تاکہ ایل اوسی پر بسنے والے سکھ وچین سے اپنی زندگیاں گزار سکیں۔
تتہ پانی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے باپ بیٹا زخمی
Nov 29, 2017