لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری نے کہاہے کہ امن دشمنوں کے مذموم عزائم کوناکام بنانے کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ چائینہ قونصل خانے پر حملے کی کوشش ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے۔امن کو سبوتاژکرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو ملک سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،امن اور اسلام کے دشمن جان لیں کہ وطن عزیز کو نقصان پہنچانے والے شر پسند عناصر کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاکستانی قوم متحد اور ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہے لیکن پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔