عمران پاک فوج کا شکریہ خون خرابہ بند امن آنا چاہیے : سدھو

Nov 29, 2018

نارووال (آئی این پی)سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ ہمیں سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، عمران خان نے اپنے فرض کو پورا کیا، مذہب کو سیاست اور دہشت گردی کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہیے۔ بدھ کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اورسب مہمانوں کا شکرگزار ہوں۔ پاکستان جیوے ہندوستان جیوے، ہنستا بستا ساراجہاں جیوے، میرا یار دلدار عمران خان جیوے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ 73 سال کے انتظار کو پل بھرمیں ختم کردیا اور یاری بھی نبھائی، کوئی فرشتہ ہوتا ہے، جو ایسے اقدامات کرتا ہے، امن اور خوشی کے لئے آگے بڑھنے کے لئے سوچ کو تبدیل کرنا ضروری ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے کہا ہماری جھولی خوشی سے بھردی گئی، ساری کائنات جھولی میں ڈال دی گئی۔ مذہب کو سیاست اور طاقت کے چشمے سے کبھی نہیں دیکھیں۔ وزیراعظم عمران خان کا بہت مشکور ہوں۔ ان کا کہنا تھا آپ بھی عبادت کرتے ہیں ہم بھی کرتے ہیں دعا میں آپ کا بھلا مانگتے ہیں۔ خون خرابہ بند ہونا چاہیے، امن واپس آنا چاہیے، جہاں دوست مل جائیں وہ دہلیز مقدس ہوجاتی ہے، بہت نقصان اور بہت خون خرابہ ہوگیا، آگ پر کوئی پانی ڈالنے والا ہونا چاہیے۔ سدھو نے کہا کرتارپور کوریڈور کو ایک بہت اچھا مستقبل دیکھ رہا ہوں، یہ معجزہ ہے جو 73سال میں نہیں ہوا وہ 3ماہ کے اندر اندر ہوگیا۔ عمران خان نے اپنا وعدہ نبھایا ہے۔ حکومت اور پاک فوج کا شکرگزار ہوں۔ بھارتی سرکار کا بھی شکرگزار ہوں کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ایسی چابی بن گئے ہیں جو ہر تالے کو کھول سکتی ہے۔ دونوں ملکوں کو احساس ہونا چاہیے تاکہ ہم ایک ہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا میرا خواب ہے ہماری سبزیاں برسلز جائیں، لاہور سے ٹرین چلے اور امرتسر سے ہوتی ہوئی برسلز جائے، زندگی بھر کرتارپور کوریڈور منصوبے پر شکرگزار رہوں گا۔
نوجوت سدھو

مزیدخبریں