شکرگڑھ، چک امرو، لاہور (نامہ نگاران، نوائے وقت رپورٹ) کرتارپور بارڈر تقریب میں بھارتی وزیر سمرت کور بادل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرونانک کی طرح راہداری بھی سب کو جوڑے گی۔ آج دوریاں ختم ہورہی ہیں۔ انہوں نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کرتاپور راہداری کھول کر ہماری حکومت کی بات مان لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوار برلن گرسکتی ہے تو نفرتیں بھی ختم ہوسکتی ہیں۔ دعائیں رنگ لے آئیں۔ کرتارپور کوریڈور پہنچنے والے یاتریوں کو مشین ریڈ ایل پاسپورٹ، ویزا فری انٹری، بس سروس اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بائیومیٹرک نظام سے گزار کر یاتریوں کو خصوصی پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ پرمٹ لینے کے بعد یاتری گوردوارہ کرتارپور کمپلیکس پہنچ کر مذہبی رسومات ادا کرکے واپس ہوں گے۔ احاطے میں ٹک شاپ بھی بنائی جائے گی جہاں سے یاتری خریدوفروخت کرسکیں گے۔ یاتریوں کیلئے فلاور شاپ، کیفے ٹیریا اور لائبریری کی سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی کے سنیٹر فیصل جاوید جو تقریب کے سٹیج سیکرٹری تھے انہوں نے بھارتی وزیر کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں حکومت پاکستان اور عمران خان نے کوریڈور کی ابتدا کی ہے جس کے جواب میں بالآخر بھارتی حکومت کو بھی فیصلہ کرنا پڑا ہے۔
سمرت کور