کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ وہ زائرین عمرہ اور عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے کیونکہ یہ اس کی ذمہ داری بھی ہے اور سعادت بھی‘ وہ کراچی میں حج آرگنائزیشنز ایسوسی ایشن کے حج سیمینار میں شرکت کے بعد انجمن ضیائے طیبہ کے بانی سید حاجی اللہ رکھا قادری ضیائی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے انہیں کراچی آمد اور حج سیمینار میں شرکت پر مبارکباد دی اور حج ٹور آپریٹرز کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ حاجی اللہ رکھا قادری نے حج انتظامات میں بہتری کی تجاویز پیش کیں اور توقع ظاہر کی کہ حکومت حج آرگنائزیشنز کے اشتراک سے ان مشکلات کا ازالہ کرے گی جو ماضی میں پیش آتی رہی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مولانا نور الحق قادری نے یقین دلایا کہ حکومت نہ صرف ان تجاویز کا خیرمقدم کرے گی بلکہ ان کی روشنی میں معاملات کو بہتر بنا کر طریقہ کار میں آسانی لائے گی۔