لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستانی ٹیم نے آذربائیجان میں ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چھ رکنی ٹیم نے مجموعی طور پر تین گولڈ سمیت سات میڈل حاصل کرلئے۔گولڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں باپ اور بیٹابھی شامل ہیں۔ورلڈ مارشل آرٹ الپاگت چیمپئن شپ آزربائیجان کے شہر باکو میں ہوئی جس میں پاکستان اوربھارت سمیت پندرہ ممالک سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔چھ کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے مختلف کیٹگریزمیں تین گولڈ، دو سلور اور دو برونز میڈل حاصل کئے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں عبدالمنان اچکزئی، عزیزاللہ خان اور نصیب اللہ شامل تھے۔عزیزاللہ اور نصیب اللہ رشتے میں باپ اور بیٹے ہیں جبکہ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے تینوں کھلاڑیوں کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔عزیزاللہ خان نے فائنل مقابلے میں بھارتی کھلاڑی اور ان کے بیٹے نصیب اللہ نے ترکی کے کھلاڑی کو شکست دی جبکہ عبدالمنان اچکزئی نے اپنی کیٹیگری کے فائنل مقابلے میں آذربائیجان کے کھلاڑی کو شکست دی۔کوئٹہ کے عبدالمنان اچکزئی نے ایک کیٹگری میں سلور میڈل بھی حاصل کیا۔ان کے علاوہ ڈی جی خان کے محمد نذیر نے بھی سلور میڈل حاصل کیا۔برونز میڈل حاصل کرنے والوں میں کراچی کے عبداللہ خان خلجی اور کوئٹہ کے کامران پرکانی شامل ہیں۔چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم چھ کھلاڑیوں اور دو آفیشیلز پر مشتمل تھی اور آفیشیلز میں پاکستان الپاگت فیڈریشن کے عہدیدار جلال الدین ترین اورمحمدقاسم شامل تھے۔محمد قاسم نے پاکستانی ٹیم کی کامیابی کو ٹیم ورک کانتیجہ قراردیا۔ان کا کہناتھا کہ اگر مواقع ملیں تو پاکستانی کھلاڑی اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔