لاڑکانہ‘اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘نمائندہ خصوصی) بلاول نے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل کی جانب فقط ایک ہی راستہ جاتا ہے‘ جس کا نام آئین اور قانون پر مکمل عملدرآمد ہے۔ بلاول نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت ہمارے وفاق کی ضمانت‘ جبکہ انسانی حقوق کی پاسداری اور آزادی اظہار جمہوریت کی روح ہیں۔ لاڑکانہ کے وکلاء نے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے ہمیشہ شاندار کردار نبھایا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلاء برادری کے درخشاں ماضی کے امین اور ملک کے روشن مستقبل کے رکھوالے ثابت ہونگے۔